عبدالرشید ترابی کی طرف سے قانون ساز اسمبلی اورکونسل کے مشترکہ اجلاس میں میر قاسم علی کی شہادت پر پیش کی گئی قرارداد منظور
مظفرآباد( پ ر) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر و ممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی نے قانون سازاسمبلی اور کونسل کے مشترکہ اجلاس میں بنگلہ دیش جماعت اسلامی کے مرکزی راہنما میر قاسم علی کی شہادت کے حوالے سے قرارداد پیش کی جس کو منظور کر لیا گیا قرار کا متن: یہ اجلاس بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے مرکزی راہنما کو عدالتی قتل کے تازہ واقعے کی شدید مذمت کرتا ہے، میر قاسم علی سمیت جماعت اسلامی کے دیگر قائدین جنہوں نے 1971ء میں دفاع پاکستان کے لیے شاندار خدمات سرا نجام دیں ان کو خراج تحسین پیش کرتا ہے،بنگلہ دیشی حکومت 45سال بعد بھارت کی آشیر باد سے پاکستان کادفاع کرنے والے اور پاک فوج کا ساتھ دینے والوں کو شہید کرنے کے لیے آلہ کار کے طور پر استعمال ہو رہی ہے تا کہ پاکستان اور پاک فوج کوبدنام کیا جائے ،اجلاس عالمی برادری سے اپیل کرتا ہے کہ وہ بنگلہ دیشی حکومت پر دباو بڑھائے کہ وہ محض سیاسی اختلاف رکھنے والوں کو نام نہاد جنگی ٹربیونل کے ذریعے نشانہ نہ بنائے اور اپنا سفارتی دباؤ کو بڑھائیں تا کہ بنگلہ دیشی حکومت مزید لوگوں کو پھانسیاں دینے سے باز رہے ،اجلاس حکومت پاکستان پرواضح کرنا چاہتا ہے جو 1974ء کے بنگلہ دیشی اور سہ فریقی معاہدے کی پاسداری کرے ،اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی و ممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی نے کہا کہ بھارت کی ایماء پر بنگلہ دیش میں پاکستان اور پاک فوج کا ساتھ دینے والوں کوسزائیں دی جارہی ہیں ہندوستان ان سزاؤں کے ذریعے کشمیریوں کو یہ پیغام دینا چاہتا ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ محبت کریں گے اور پاکستان کا پرچم سری نگر میں لہرائیں گے تو ان کے ساتھ بھی یہ حشر ہوسکتا ہے ۔