تمام اسلامی ممالک برما کے سفیروں کو ملک سے نکال دیں،جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کی قرارداد
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل برما میں سرکاری سرپرستی میں ہزاروں مسلمانوں کے قتل عام کا نوٹس نہیں لیتی تو OICکا سربراہی اجلاس بلا کر برما کے خلاف کاروائی کی جائے،عالمی برادری اور انسانی حقوق کے اداروں کی خاموشی برما کو مزیز مظالم ڈھانے کی شہ دے رہی ہے حکومت پاکستان قائدانہ کردار ادا کرتے ہوئے برما کے خلاف اقدامات کرے اور وہاں کے مسلمانوں کی زندگیوں کو بچائے راولپنڈی ( پ ر) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی کی زیر صدارت کل کشمیر و مقیم مہاجرین پاکستان امراء اضلاع کا ماہانہ اجلاس منعقد ہوا جس میں متفقہ طورپر منظور کی گئی قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ تمام اسلامی ممالک برما کے سفرا کو اپنے اپنے ممالک سے نکال دیں ،برما کی سفاک فوج اور اس کے کارندوں نے درندگی کی انتہا کر دی ہے جو پوری دنیا کے لیے لمحہ فکریہ اور قابل مذمت ہے قرارداد میں یہ بھی لکھا گیا ہے کہ اگر اقوام متحدہ اپنے دہرے معیار کو ترک نہیں کرتی تو سلامتی کونسل میں قراردادپا س کر کے برما کی سفاکیت کے خلاف اقدامات نہیں کرتی تو OICکا سربراہی اجلاس بلا کر روہنگیا کے مسلمانوں کی زندگیوں کو بچانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں قرارداد میں حکومت پاکستان سے بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ قائدانہ کردار ادا کرتے ہوئے روہنگیا کے مسلمانوں کوبچائے اور برما کے خلاف اقدامات کرے ،سرکاری سرپرستی میں فوج اور دہشت گردوں نے بچوں خواتین بوڑھوں کو جس بے دردی سے شہید کیا وہ قابل مذمت اور پوری دنیا کے لیے لمحہ فکریہ ہے قرارداد میں لکھا گیا ہے کہ عالمی برادری اور انسانی حقوق کے اداروں کی خاموشی برما میں دہشت گردوں کو مزید شہ دے رہی ہے کہ وہ مسلمانوں کا قتل عام کرے قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ برما کے خلاف سلامتی کونسل میں قرارداد پیش کر کے اس کے خلاف فوجی کاروائی کی جائے قرارداد میں امت مسلمہ سے یہ مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ روہنگیا کے مسلمانوں کی مدد کے لیے آگے آئیں۔