حکومت کورونا وائرس کے باعث مسائل کا شکار عوام کے لیے ریلیف پیکیج کا اعلان کرے:جماعت اسلامی کی قرارداد

حکومت کورونا وائرس کے باعث مسائل کا شکار عوام کے لیے ریلیف پیکیج کا اعلان کرے:جماعت اسلامی کی قرارداد

 اسلام آباد(پ ر) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کی مرکزی مجلس شوریٰ کے اجلاس میں قرارداد منظور کی گئی جس میں لکھا گیا ہے کہ یہ اجلاس کورونا وائرس کے باعث بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بے روزگاری بالخصوص آٹے کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کااظہار کرتا ہے جس سے عام آدمی بری طرح متاثر ہو رہا ہے،کورونا وائرس کی وباء سے کاروبار زندگی،تعلیمی ادارے وغیر ہ متاثر ہوئے ساری دنیا میں حکومتیں عوام کو خصوصی ریلیف پیکیج دے رہی ہیں آزادکشمیر میں اس کا اہتمام کیا جائے،اس سلسلہ میں حکومت آزادکشمیر اپنے مصارف میں کمی اور حکومت پاکستان بھی خصوصی امداد کرے۔آزادجموں وکشمیراسمبلی کے انتخابات کو آزادانہ اور شفاف طریقے سے منعقد کیا جائے اور وفاقی حکومت اور اداروں کی مداخلت سے گریز کیا جائے،انتخابی فہرستوں کی اصلاح احوال کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں،مہاجرین کی فہرستوں کا عمل عدالتی حکم امتناہی کے باعث رکا ہوا ہے الیکشن کمیشن عدالت سے کیس کو جلد نمٹانے میں اپنی ذمہ داری پوری کرے جعلی سٹیٹ سبجیکٹ کی تصدیق کرکے انہیں مسترد کیا جائے۔فارم ب کی بنیاد پر ووٹوں کا اندراج نہ کرنا مناسب نہیں الیکشن کمیشن آزادجموں وکشمیر فارم ب کی بنیاد پر ووٹوں کا اندراج کو یقینی بنائے۔مہاجرین 1990ء مقیم پاکستان کے ووٹ شناختی کارڈ پر درج مستقل پتے پراندراج کرنے کا اہتمام کیا جائے۔مرکزی مجلس شوریٰ کا یہ اجلاس حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ پبلک سروس کمیشن کو فعال کیا جائے ایڈہاک اور صوبدیدی تقرریوں کے خاتمے کے لیے اقدامات کیے جائیں،حکومت دل،شوگر،گردوں،بی پی اور دیگر بیماریوں کی ہسپتالوں میں ادویات کی مفت فراہمی کو یقینی بنائے۔فوڈ اتھارٹی کو فعال اور موثر بنایا جائے تا کہ بڑے پیمانے پرغیر معیاری اشیاء خوردونوش کی سپلائی روکی جاسکے جو امراض کا باعث بن رہی ہیں۔آزادجموں وکشمیرریاستی سٹیٹس کی تبدیلی کے حوالے سے اطلاعات باعث تشویش ہیں اس طرح کے کسی حل کو قبول نہ ہوگاریاست کو زیادہ بااختیار اور باوسائل بنانے کا اہتمام کیا جائے۔حالیہ بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے شہید اور متاثرین کی فوری امداد کی جائے اور متبادل جگہ فراہم کی جائے۔مرکزی مجلس شوریٰ ریاست کے اندر بجلی کی لوڈ شیڈنگ،بلات کے اندر ناروا ٹیکسز اور اضافے کی شدید مذمت کرتا ہے اور اس امر پر تشویش کااظہار کرتا ہے کہ حکومت کشمیر میں جہاں 2500میگاواٹ سے زائد بجلی پیدا کی جارہی ہے وہاں پر لوڈ شیڈنگ اور ناروا ٹیکسز اور بجلی کی قیمت میں کو ختم کرکے عوام سے ہونے والی زیادتی کا ازالہ کرے۔آزادکشمیر میں عدالت عظمیٰ و عدالت عالیہ میں ججوں کی کمی فوری پوری کرنے اہتمام کیا جائے اور عام آدمی کو انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور ججز کی تقرری کو آئینی وقانونی تقاضوں کے مطابق مکمل طور پر شفاف بنائے جانے کا اہتما م کیا جائے۔شریعت اپیلٹ بینچ میں عالم جج کا تقرر کیا جائے۔نیلم جہلم ہائیڈرل پراجیکٹ کی تعمیر سے مظفرآباد میں ماحولیاتی مسائل اور پینے کے صاف پانی کی قلت ہوچکی ہے نوسیری سے پینے کے صاف کی فراہمی طے شدہ پلان کے مطابق جھلیوں کی تعمیر اور مظفرآباد شہر میں سیوریج کی بہتری کو یقینی بنایا جائے۔سیز فائر لائن کے متاثرین کی فوری امداد کو یقینی بناتے ہوئے ان کی بحالی کا اہتمام کیا جائے اور بنکرز تعمیر کیے جائیں تا کہ شیلنگ کے دوران عوام کی زندگیوں کو بچایا جاسکے۔متاثرین زلزلہ میرپور کو معاوضہ جات کی فراہمی کو حکومت جلدازجلد یقینی بنائے متاثرین منگلا ڈیم کے دیرینہ مسائل کو حل کرنے کا اہتمام کیا جائے۔

مرکزی دفتر

رابطہ دفتر