چکوٹھی:جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر گلگت بلتستان کے امیر ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے کہاہے کہ قابض ہندوستانی فوج کے ہاتھوں کولگام میں 5کشمیری نوجوانوں کی شہادت بدترین ریاستی دہشت گردی ہے،ہندوستان ریاستی دہشت گردی اور استعماری ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیریوں کی آزادی کی تحریک کو کچل نہیں سکتا،لاکھوں کشمیریوں کا خون آزاد ی کی نوید اور ہندوستان کے حصے بخرے کرنے کاعنوان بنے گا،بیس کیمپ اور اسلام آباد میں بیٹھے حکمران کشمیریوں کی عملی مدد کریں،کشمیریوں نے اپنے حصے کام کرلیاہے اب آزادی کو تحریک کو منزل سے ہمکنار کرنا مظفرآباد اور اسلام آباد میں بیٹھے حکمرانوں کی ذمہ داری ہے،ا ن خیالات کاظہارانھوں نے اپنے دورے جہلم ویلی کے دوران میں تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا انھوں نے کہاکہ ہمارے حکمران نہ تو بقیہ کشمیرکی آزادی کے لیے کچھ کرسکے اور نہ ہی یہاں کے عوام کے لیے کچھ سکے جماعت اسلامی آزادی کی بیس کیمپ کو حقیقی بیس کیمپ بنانا چاہتی ہے،انھوں نے کہاکہ عالمی برادری ہندوستان کی ریاستی دہشت گردی کا نوٹس لے ہندوستان اور اسرائیل دنیا کے امن کے لیے خطرہ ہیں،اقوام متحدہ اگر دنیا میں امن چاہتی ہے تو ہندوستان اوراسرائیل کے خلاف کارروائی کرنی ہوگی۔حکومت پاکستان فوری طور پر کشمیریوں کی عملی مدد کرے بحیثیت فریق پاکستان کی ذمہ داری ہے۔
