گلگت بلتستان کے عوام کو بنیادی آئینی اور جمہوری حقوق کی فراہمی کے لیے آزادکشمیر طرز کا نظام دیا جائے،مرکزی مجلس شوریٰ جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر گلگت بلتستان
اسلام آباد(پ ر) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر گلگت بلتستان کی مرکزی مجلس شوریٰ کے اجلاس میں قرارداد منظور کی گئی جس میں لکھا گیا ہے کہ اجلاس گلگت بلتستان کے عوام کو بنیادی آئینی اور جمہوری حقوق کی فراہمی کے لیے آزادکشمیر طرز کا نظام دیا جائے جو ہر لحاظ سے باوقار، آئینی اور جمہوری حقوق کے حوالے سے ضرورت پوری کرتاہے۔یہ اجلاس گلگت بلتستان اسمبلی میں عبوری صوبہ بنانے کی قراردادکو تقسیم کشمیرکا پیش خیمہ قراردیتے ہوئے تشویش کااظہارکرتا ہے، تحریک آزادی کشمیرنازک ترین مرحلے سے گزررہی ہے اس موقع پر اس طرح کی بے تدبیری کشمیر کا ز کے لیے نقصان دہ ہے، اجلاس اس امر کا اعادہ کرتے ہوئے کہ مقبوضہ جموں کشمیر،آزادکشمیر اورگلگت بلتستان ریاست کی اکائیاں ہیں اور مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں ہونا باقی ہے کشمیری عوام وحدت کشمیر اور حق خودارادیت کے حصول کے حوالے سے کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے جب تک کہ پوری ریاست آزاد ہو کر پاکستان کا حصہ نہیں بنتی اس وقت تک کسی ایک حصہ کو پاکستان کا حصہ بنادینا آئین پاکستان کی دفعہ257کے تحت مسئلہ کشمیرپر دیرینہ اور اصولی موقف سے روگردانی متصور ہوگااوراس سے عالمی سطح پر پاکستان کا موقف کمزورہوگا یہ اجلاس گلگت بلتستان کی تعمیر وترقی کے حوالے سے حکومت کے اعلان کردہ بڑے منصوبوں جن میں شاہراہوں اور پاور پراجیکٹس کے علاوہ تعلیم اور صحت کے منصوبے ہیں ان پر جلد کام کاآغاز کرے اور اہم شاہراوں میں خاص طور سے استور ویلی روڈ،شونٹر ٹنل جو آزادکشمیر کو گلگت بلتستان سے ملاتی ہے گزشتہ کئی حکومتوں نے اعلانات کیے لیکن اس سڑک کی تعمیر کے لیے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا اجلاس مطالبہ کرتا ہے کہ استور ویلی اور شونٹر ٹنل ایک انتہائی اہم شاہراہ ہے اور مستقبل میں یہ شاہراہ کے کے ایچ کی متبادل شاہراہ بھی بن سکتی ہے اس انتہائی اہم شاہراہ کی تعمیر پر کام فوری شروع کیاجائے۔یہ اجلاس محسوس کرتا ہے کہ دیامر باشا ڈیم پر کام انتہائی سست روی کا شکار ہے اس پر کام کی رفتار تیز کی جائے ڈیم کی تعمیر کے نتیجے میں عوام علاقہ دیامربری طرح سے متاثر ہوئے یہاں کے متاثرین کے معاوضوں کے زیر التوا معاملات کا فوری حل کر کے معاوضے ادا کیے جائیں،ترجیح بنیادوں پر دیامر اور گلگت بلتستان کے باشندوں کو ملازمتیں دی جائیں یہ اجلاس محسوس کرتا ہے کہ پاکستان چین اکنامک کوریڈور کا گیٹ وے گلگت بلتستان ہے لیکن اب تک اس بڑے پراجیکٹ کے ثمرات سے گلگت بلتستان کے عوام کو محروم رکھا گیا ہے شوریٰ کا یہ اجلاس مطالبہ کرتا ہے کہ CPECجیسے بڑے منصوبے میں گلگت بلتستان کو مناسب حصہ دیا جائے اور تعمیر وترقی کا عمل تیز تر کیا جائے۔