
جمیل راٹھور
ڈپٹی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر گلگت بلتستان
10 جنوری 1961 ڈسٹرکٹ حویلی کے گاوں پدر پلنگی میں جنم ہوا۔ابتدائی تعلیم گورنمنٹ ہائی سکول پلنگی سے حاصل کی ۔گورنمنٹ ڈگری کالج مظفرأباد سے ایف ایس سی ،آزاد کشمیر یونیورسٹی مظفرأباد سے 1982 میں امتیازی پوزیشن کے ساتھ بی اے کیا اور یوں آزاد کشمیر یونیورسٹی کے پہلے گولڈ میڈلسٹ کا اعزاز حاصل کیا۔جس کے نتیجے میں قائد اعظم ایوارڈ اور چوہدری غلام عباس میموریل ایوارڈ بھی ملا۔
79- 1978 میں جموں وکشمیراسلامی جمعیت طلبہ میں شمولیت اختیار کی۔81- 1980میں جمعیت نے سٹوڈنٹ یونین کے لیے نائب صدرکا امیدوار نامزد کیا اور بفضل تعالی کامیابی ملی۔ پنجاب یونیورسٹی سے ایم بی اے کیا ۔اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے امیدوار رکن رہے۔
1988 میں فیڈرل پبلک سروس کمیشن کا امتحان پاس کیا اور یوں وفاقی حکومت میں شمولیت اختیار کی۔ وفاق کی مختلف وزارتوں میں خدمات انجام دیں جن میں زیادہ عر صہ وزیر اعظم آفس بورڈ آف انویسٹمنٹ میں خدمات سرانجام دیں۔ آزاد کشمیر میں بھی دو مرتبہ ڈیپوٹیشن پر رہے جہاں وزیر اعظم سیکرٹریٹ ،سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ، لوکل گورنمنٹ اور قانون سازاسمبلی سیکرٹریٹ میں اپنی خدمات سرانجام دیں۔
وفاقی ملازمت کے دوران 17 ممالک میں پاکستان کی نمائندگی کی جہاں کانفرنسز اور سیمینارز میں پاکستان کے اندر سرمایہ کاری کے مواقع کو مارکیٹ کیاگیا ۔نمایاں ممالک میں جاپان، چین، انڈونیشیا، ملائیشیا، بحرین، قطر، تھائی لینڈ شامل ہیں ۔
2021 میں بحیثیت ڈائریکٹر جنرل وزیر اعظم سیکرٹریٹ اسلام آبادسے ریٹائرمنٹ ہوئی تو جماعت اسلامی کے کارکن کی حیثیت سےاپنی خدمات پیش کیں،اس وقت ڈپٹی سیکرٹری جنرل کی حیثیت سے اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں