اسلام آباد( پ ر) سابق وزیر قانون و امیر جماعت اسلامی گلگت بلتستان مشتاق ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت گلگت میں زلزلے سے ہونے والے نقصان کے ازالے کے لیے بڑے پیکج کا اعلان کرے ،بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے مکانات مکمل طور تباہ ہو گئے،شدیدسردی میں لوگ کھلے آسمان تلے رہنے پر مجبور ہیں بحالی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں ،ان خیالات کااظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہاکہ زلزلے سے رابطہ سڑکیں ختم ہوچکی ہیں جس کی وجہ سے استور میں کا مرکزی شاہراہ سے رابطہ ختم ہو چکا ہے اسی طرح دیگر رابطہ سڑکیں بھی متاثر ہیں امدادی کارکنان ریلیف پہنچانے کا اہتمام کریں ،انہوں نے کہا کہ وفاقی اور گلگت بلتستان کی حکومت فوری طور پر ہزاروں انسانوں کی زندگیوں کو بچانے کے لیے اقدامات کریں لوگ کھلے آسمان تلے شدید سردی میں مشکلات کا شکار ہیں انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی اور اس کے اداروں نے اس سے قبل بھی آفت زدہ علاقوں میں خدمت کی ہے اب بھی اپنے متاثرہ بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ان کی ہر ممکن امداد کریں گے ۔