تازہ خبریں

آزاد ی کشمیر مارچ اور یوم پاکستان

تحریر :راجہ بشیرعثمانی

logo-raja-bashir-usmani

  قوم اس سال یوم آزادی پاکستان ایسے وقت میں منا رہی ہے جب ایک طرف بھارت مقبوضہ جموں وکشمیر میں معصوم کشمیریوں کے خون سے ہولی کھیل رہا ہے تو دوسری طرف کوئٹہ بلوچستان میں خود کش دھماکے میں 72سے زائد معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا گیا ہے اور سینکڑوں شدید زخمی ہیں ۔ پاکستان میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات میں بھارتی خفیہ ایجنسی را کا ہاتھ ہے۔ یوم آزادی کے موقع پر پوری قوم کو اس عہد کی تجدید کرنی ہے کہ متحد و منظم ہو کر دشمن کی سازشوں کو اکام بنانا ہوگا ۔ پوری قوم پاک فوج کی پشت پر ہے دشمن نے وطن عزیز کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو اسے منہ کی کھانی پڑے گی ۔ مقبوضہ جموں وکشمیر میں برہان مظفروانی کی شہادت کے بعد تحریک آزادی نے نئی کروٹ لے لی ہے برہان مظفروانی شہید کی نماز جنازہ میں ساڑھے چھ لاکھ افراد کی شرکت اور کرفیو کی تمام تر پابندیوں کو توڑتے ہوئے کشمیری نوجوانوں نے اپنے سینے پر گولیاں کھا کر یہ ثابت کر دیا ہے کہ تمام تر بھارتی ظلم و جبر کے باوجود کشمیریوں کی تحریک آزادی بہر صورت جاری رہے گی کشمیری عوام گذشتہ 68سالوں سے آزادی و حق خودارادیت کی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں اس جدوجہد میں اب تک لاکھوں کشمیری اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرچکے ہیں بھارت نے کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد دبانے کے لیے ظلم و جبرکے تمام ہتھکنڈے آزمائے لیکن وہ کشمیریوں کی تحریک آزادی کو ختم کر سکا ہے نہ ہی ان کی آزادی کی آواز کو دبانے میں کامیاب ہوا ہے بھارتی ظلم وجبر نے کشمیر ی عوام کی تحریک آزادی کومزیدتیز تر کیاہے جدوجہد آزادی میں برسر پیکار کشمیری بزرگ خواتین بچے اور جوان آزادی و حریت کے جذبے سے سرشارہیں تاریخ گواہ ہے کہ کشمیریوں نے خون کے دئیے راہ آزادی میں روشن کیے ہیں ہر شہادت نے نئے مجاہد اورغازی دئیے ہیں اگر آزادی و حریت کا راستہ قتل و غارت گری جبر و تشدد سے رک سکتا تو یہ آزادی مکہ کی گلیوں ہی دفن ہوچکی ہوتی ہر قطرہ خون ہر آہ دلخراش ہر نشان زخم نے راہ آزادی کے مجاہدوں کے قدم تیز تر ان کی آزادی کی آواز کو مستحکم تر اور ان کے دائرہ اثر کو وسیع تر کرنے کا سبب بنا ہے آزادی و حریت کی جس آواز کو دبانے کی کوشش کی گئی وہی نعرہ و مستانہ و دیوانہ بن کر گلی کوچوں میں گونجی ہے آزادی و حریت کی جس شمع کو گل کر دینے کے لیے جبر کے ہاتھ اٹھے وہ خود بھی جلتی رہی اور نئی دئیے بھی جلاتی رہی لیکن وہ بڑھنے والے ہاتھ رک گئے ٹو ٹ گئے تاریکی میں گم ہو گے جدوجہد آزادی میں برسرپیکار کشمیری یہ عزم کرچکے ہیں کہ ان کے قدم رکے ہیں نہ رکیں گے ان کے سر جھکے ہیں نہ جھکیں گے بلکہ آزادی وحریت کا سفر زیادہ تیز رفتاری سے جاری رہے گا جدوجہد آزادی میں مصروف کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی پیرانہ سالی میں کشمیری قوم کی قیادت کا حق ادا کررہے ہیں ان کا عزم ہے کہ جب تک بھارت کا آخری فوجی کشمیر سے نکل نہیں جاتا اور کشمیری عوام کو ان کا پیدائشی حق حق خودارادیت نہیں مل جاتا آزادی کی تحریک ہر حال میں جاری وساری رہے گی یہ تحریک اسلام آزادی اور تکمیل پاکستان کی تحریک ہے اسے ہر حال میں منطقی انجام تک پہنچنا ہے مقبوضہ کشمیر میں جاری تحریک آزادی میں حالیہ شدت کشمیری نوجوانوں کی قربانیوں پر انہیں خراج عقیدت پیش کرنے جدوجہد آزادی میں برسرپیکار حریت قائدین اور کشمیر ی عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی اپیل پر 15اگست کو مظفرآباد سے چکوٹھی آزادی کشمیر مارچ کا انعقاد ہو رہا ہے اس سے قبل جماعت اسلامی پاکستان نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے اسلام آباد میں آل پارٹیز کانفرنس لاہور سے واہگہ بارڈر یکجہتی کشمیر ریلی اور کراچی میں یکجہتی کشمیر ریلی کا انعقاد کیا اور ملک بھر میں کانفرنسز اور سیمینارز کا انعقاد کیا گیا ،امیر جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر و ممبر قانون سا ز اسمبلی عبدالرشید ترابی نے مظفرآباد تا چکوٹھی آزادی کشمیر مارچ میں شرکت کے لیے تمام قومی قیادت،دینی و سیاسی جماعتوں کو دعوت دی ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے آزادی کشمیر مارچ میں بھرپور شرکت کریں مقبوضہ جموں وکشمیر کی حالیہ صورت حال کا تقاضا ہے کہ آزاد کشمیر جو کہ تحریک آزادی کشمیر کا بیس کیمپ ہے یہاں سے مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کو حوصلے کا پیغام جائے کہ جدوجہد آزادی میں مقبوضہ کشمیر کے بھائی تنہا نہیں ہیں بلکہ آزاد کشمیر و پاکستان کے عوام ان کی پشت پر موجود ہیں آزاد کشمیر کی سیاسی و مذہبی جماعتوں و کارکنوں کو چاہیے کہ وہ سیاسی وابستگیوں سے بالا تر ہو کر 15اگست کو آزادی کشمیر مارچ میں بھرپور شرکت کریں،بھارت مقبوضہ کشمیر میں جاری حالیہ تحریک آزادی کو دبانے کے لیے اپنے تمام تر مذموم حربے استعمال کر رہا ہے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے پاکستان کے اندر دہشت گردانہ کاروائیاں جاری ہیں دو روز قبل کوئٹہ میں ہونے والا درد ناک واقعہ ’’را‘‘ کی کارستانی ہے بھارت پاکستان کو اندرونی طور پر غیر مستحکم کر کے اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل چاہتا ہے پاکستانی قوم کو متحد یکجان ہو کر بھارتی سازشوں کو ناکام بنانا ہو گا اتحادویکجہتی وقت کی اہم ترین ضرورت ہے بھارت نے پاکستان کے خلاف غیر اعلانیہ جنگ چھیڑ رکھی ہے ملک میں ہونے والے بم دھماکوں ،خودکش حملوں میں بھارت کا ہاتھ ہے ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان بھارت کو ہضم نہیں ہو رہا بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ پاکستان کو کمزور کرنے کے لیے سرگرم عمل ہے پاک چین اقتصادی راہداری کو ناکام بنانے کے لیے بھارت سمیت دوسرے پاکستان دشمن عناصر سازشوں کے جال بچھا رہے ہیں حکومت پاکستان اس مرحلے پر پاکستان کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو اعتماد میں لیتے ہوئے قوم کو متحد کرے اور دشمن کی سازشوں کو ناکام بنا دے ۔اس مرحلے پر قومی یکجہتی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ سیاسی قیادت ذمہ دارانہ طرز عمل کا مظاہرہ کرے ۔ اپنے سیکورٹی اداروں پر بے جا تنقید کے بجائے ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے کردار ادا کریں۔کشمیر و پاکستان لازم و ملزوم ہیں کشمیر کی آزادی پاکستان کے ذمہ قرض بھی ہے اور فرض بھی پاکستان نے اس فرض کو پورا کرنا ہے اور اس قرض کی ادائیگی کرنا ہے حالات کا تقاضا ہے کہ پاکستان کو مضبوط و مستحکم بنایا جائے ایک مضبوط و مستحکم پاکستان کشمیر کی آزادی کا ضامن ہے پوری قوم ملک کے خلاف ہونے والی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن جائے۔