لندن(پ ر) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ حکومت آزادکشمیر آل پارٹیز پیپلز رائٹس فورم کے مطالبات پورے کرے،جماعت اسلامی اسلام آباد میں لانگ مارچ کرنے والوں کی بھرپور حمایت کرتی ہے،حکومت لانگ مارچ کے ذمہ داران سے فوری طور پر مذاکرات کر کے ان کے مطالبات پورے کرے اگر حکومت نے مطالبات پورے نہ کیے تو آزادکشمیر کی ساری سیاسی جماعتیں لانگ مارچ میں شامل ہوں گی،ان خیالات کااظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہاکہ کمر توڑ مہنگائی کے خلاف اور ریاستی تشخص کی بحالی کے حوالے سے پیپلز رائٹس فورم کی جدوجہد کی حمایت کرتے ہیں انہوں نے کہاکہ مہنگائی آسمان سے باتیں کررہی ہے تحریک آزادی کشمیر مشکل ترین مراحل سے گزررہی ہے لیکن بیس کیمپ کے حکمران ٹس سے مس نہیں ہورہے شہ خرچیاں اور مراعات یافتہ طبقے کی مراعات جاری ہیں اور غریب کو دو وقت کی روٹی بھی میسر نہیں ہے۔