Dr Muhammad Mushtaq Khan

سیاسی اختلافات کو ذاتی دشمنیوں میں تبدیل کرنے کے بجائے قومی مفاد اور خطے کے مستقبل کو مقدم رکھا جائے:ڈاکٹر محمد مشتاق خان

جہلم ویلی،ہٹیاں بالا:امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے کہا ہے کہ سیاسی اختلافات کو ذاتی دشمنیوں میں تبدیل کرنے کے بجائے قومی مفاد اور خطے کے مستقبل کو مقدم رکھا جائے،آزاد کشمیر کو تحریک آزادی کشمیر کا حقیقی بیس کیمپ بنانے کے لیے ضروری ہے کہ یہاں سیاسی استحکام، مثالی طرز حکمرانی،قانون کی بالادستی، اور عوامی اعتماد کو بحال کیا جائے، خواتین کوہنر مند بنانے کے لیے اپنے سارے وسائل بروئے کار لائے جائیں،پہلا قدم ویلفیئر کی خدمات کی قابل تحسین ہیں،آزاد کشمیر اس وقت، بے روزگاری اور عوامی محرومیوں جیسے سنگین مسائل سے دوچار ہے۔ حکومت اور سیاسی قیادت کی اولین ذمہ داری ہے کہ وہ ذاتی مفادات اور اقتدار کی سیاست سے بالاتر ہو کر عوامی مسائل کے حل کو اپنی ترجیحات میں شامل کریں،ان خیالات اظہار انھوں نے پہلا قدم ویلفیئر ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام  ہٹیاں بالا میں خواتین کے سیلائی سنٹر کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا انھوں نے کہا کہ یہاں کے عوام کو بنیادی سہولیات، بہتر طرز حکمرانی، انصاف اور باعزت روزگار فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں کرپشن نے اداروں کی کارکردگی اور عوام کے اعتماد کو بری طرح متاثر کیا ہے،سرکاری وسائل عوام کی امانت ہیں، ان کا استعمال شفاف انداز میں ہونا چاہیے، کرپشن میں ملوث عناصر کا بلاامتیاز احتساب کیا جائے اور سرکاری اداروں کو سیاسی مداخلت سے پاک کیا جائے، احتساب کا نظام مضبوط اور خودمختار بنائے بغیر گڈ گورننس کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے کہا کہ آزاد کشمیر میں نوجوانوں کی بڑی تعداد بے روزگاری کا شکار ہے۔ اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان روزگار کے لیے دربدر ہیں، جبکہ میرٹ کی پامالی اور اقربا پروری نے نوجوان نسل میں مایوسی پیدا کر دی ہے۔ حکومت فوری طور پر روزگار کی جامع پالیسی تشکیل دے، میرٹ کی بالادستی یقینی بنائے، فنی تعلیم کو فروغ دے اور مقامی وسائل کو بروئے کار لا کر صنعت و تجارت کے مواقع پیدا کرے۔انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر ہماری قومی، دینی اور آئینی ذمہ داری ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارتی مظالم، ریاستی جبر اور بنیادی انسانی حقوق کی پامالی کا سامنا کر رہے ہیں۔ کشمیری عوام نے آزادی کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ حکومت پاکستان اور آزاد کشمیر کی سیاسی قیادت کو چاہیے کہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر بھرپور انداز میں اجاگر کریں، کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت میں مزید مؤثر کردار ادا کریں اور حق خودارادیت کی جدوجہد کو مضبوط بنائیں،امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر کو تحریک آزادی کشمیر کا حقیقی بیس کیمپ بنانے کے لیے ضروری ہے کہ یہاں سیاسی استحکام، مثالی طرز حکمرانی، قانون کی بالادستی اور عوامی اعتماد کو یقینی بنایا جائے،ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے مطالبہ کیا کہ آزاد کشمیر میں کرپشن کے خاتمے، بے روزگاری کے حل، میرٹ کی بحالی، تعلیم و صحت کی سہولیات کی بہتری اور عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں، جماعت اسلامی ایک ایسے نظام کے قیام کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی جس میں انصاف، امانت، دیانت، شفافیت اور عوامی خدمت کو بنیادی اہمیت حاصل ہو اور آزاد کشمیر حقیقی معنوں میں تحریک آزادی کشمیر کا حقیقی بیس کیمپ بن سکے۔

مرکزی دفتر

رابطہ دفتر