اسلام آباد:جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر و گلگت بلتستان کے امیر ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے کہا ہے کہ حکومت فوری طور پراپنے اور دیگر پونچھ ڈویژن میں لگے ناکے ختم کرائے،6ماہ گزر گئے 10لاکھ لوگ شدید مشکلات کا شکار ہیں حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے فوری اقدامات کرے،پونچھ کے بحران سے دشمن فائدہ اٹھا رہا ہے،ہندوستان اور اسرائیل کو شادیانے بجانے کا موقع نہ دیا جائے، حکومت فوری طور پر 'فیکٹ فائنڈنگ اینڈری کنسیلیشن کمیشن' تشکیل دے تاکہ اس مسئلے کا جلد از جلد حل نکل سکے۔ اسکول، کالجز، میڈیکل کالج اور پونچھ یونیورسٹی کی بندش کی وجہ سے طلبہ اور عوام شدید متاثر ہو رہے ہیں، حکومت اپنا مؤثر کردار ادا کرے اور عوام کو فوری ریلیف فراہم کرے،پونچھ کے بحران کے حل کے حوالے سے جماعت اسلامی جلد آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کرے گی،ان خیالات کا اظہار انھوں نے پونچھ کے بحران کے حل کے حوالے سے منعقدہ مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اجلاس میں جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے سابق امیر عبدالرشید ترابی ڈاکٹر خالد محمود خان،سیکرٹری جنرل راجہ جہانگیر خان سردار زاہد رفیق،سید سلیم گردیزی،ظفر حسن ظفر،سردار سجاد انور، عمران عزیز،راجہ خالد محمود خان،طارق خان،انور خان،سید ارشد بخاری ایڈووکیٹ،سردار نزاکت حسین،سمیت دیگر قائد ین نے شرکت کی،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے کہا کہ موجودہ بحران سے تحریک آزادی کشمیرناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے دشمن اس بحران کی وجہ سے شادیانے بجا رہا ہے ہندوستان اور اسرائیل کو شادیانے بجانے کے مواقع فراہم نہ کیے جائیں اس مسئلے کو فوری طور پر حل کیا جائے 10 لاکھ لوگ شدید مشکلات کا شکار ہیں لیکن حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی وہ فوری طور پر عوام کو ریلیف فراہم کریں عوام کے جائز مطالبات پورے کیے جائیں اور میرٹ کی بنیاد پر نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کا اہتمام کیا جائے۔انھوں نے کہا کہ حکومت ان افراد کو رہا کرے جو بے گناہ ہیں،جن افراد نے جرم کیا ہے ان کو سزا دی جائے بے گناہوں کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔ایک ہی لاٹھی سے سب کو نہ ہانکا جائے۔