اسلام آباد:جماعت اسلامی آزاد کشمیر گلگت بلتستان کے امیر ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے آزاد جموں و کشمیر کے 79 ویں یومِ تاسیس کے تاریخی موقع پراپنے پیغام میں کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے غیور عوام، مہاجرین ِ جموں و کشمیر کے بہادر بھائیوں، بہنوں اور دنیا بھر میں مقیم تمام کشمیریوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔24 اکتوبر 1947ء کو آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کا قیام ان عظیم قربانیوں کا ثمر تھا جو ہمارے آباؤ اجداد نے آزادی اور حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے پیش کیں۔آزاد جموں و کشمیر کا یہ خطہ دراصل تحریکِ آزادی کشمیر کی ایک عظیم امانت ہے،یومِ تاسیس کا یہ دن ہمیں یہ حقیقت شدت سے یاد دلاتا ہے کہ ہماری جدوجہد کا بنیادی مقصد ابھی تشنہ تکمیل ہے۔ ہم ان تمام عظیم شہداء کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے آزادی کی شمع روشن کی۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے اپنے پیغام میں کیا،انھوں نے کہا کہ ہمارے آباؤ اجداد اور شہداء کا یہ خون ہمارے لیے ایک فریضہ ہے کہ ہم اس مشن کو اس کے انجام تک پہنچائیں اور حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے اپنی جدوجہد میں کسی سستی کا مظاہرہ نہ کریں۔انھوں نے کہا کہ جب تک ہماری گردونوں پر سر باقی ہیں آزادی کی جدوجہد جاری رہے گی۔