اسلام آباد:جماعت اسلامی آزاد کشمیرگلگت بلتستان کے امیرڈاکٹرمحمد مشتاق خا ن نے کہاہے کہ ہندوستان کی عدالتوں میں تعینات متعصب آرایس ایس کے ججز نے مقبوضہ کشمیر میں آسیہ اندرابی کو تین بار عمر قید اور ناہیدہ نسرین، صوفی فہمیدہ کو 30، 30 سال قید کی سزائیں سناکر اپنی اصلاحیت پوری دنیا پر مزید آشکار کردی ہے،ہندوستانی عدالتیں نریندرمودی کے اشاروں پر فیصلے سنارہی ہیں عالمی عدالت انصاف انسانی حقوق کے ادارے اس کھلے جرم کانوٹس لیں،ان خیالات کااظہارانھوں نے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انھوں نے کہاکہ اقوام متحدہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف وزی کا نوٹس لے،اسلامی ممالک اور اوآئی سی ہندوستان کی طرف سے کشمیریوں کی مسلمان ہونے کی بنیاد پر سزائیں سنانے پر ہندوستان کا سیاسی سفارتی اورمعاشی بائیکاٹ کریں،انھوں نے کہاکہ حکومت پاکستان عالمی سطح پر سفارتی مہم چلائے، ہندوستانی جیلوں میں کشمیرقائدین اور دیگرقیدیوں کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہیں،نریندمودی اپنے ذہن سے یہ غلط فہمی نکال دے کہ وہ ظلم سے تحریک آزادی کشمیرکو دبادے گا،کشمیریوں نے آزاد ی کی جدوجہد شروع کی ہے وہ آزادی حاصل کریں گے،جماعت اسلامی صبح آزادی تک اپنے مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے شانہ بشانہ رہے گی۔