برمنگھم:جماعت اسلامی آزاد کشمیرگلگت بلتستان کے امیر ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے کہاہے کہ کشمیر ایک عالمی تنازعہ ہے جس کا حل اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق رائے شماری کے ذریعے ہی ممکن ہے,کشمیری عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے اپنی آزادی اور شناخت کی جدوجہد کر رہے ہیں اور یہ جدوجہد ہر قیمت پر جاری رہے گی اوورسیز مسئلہ کشمیر کو عالمی ضمیر کے سامنے مؤثر انداز میں اٹھا رہے ہیں،انھوں نے یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر برمنگھم کے اسپارک بروک کمیونٹی سینٹر میں تحریک کشمیر برطانیہ کے زیرِ اہتمام ایک عظیم الشان، تاریخی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پرتحریک کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب، جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے جنرل سیکرٹری جہانگیر خان، ڈپٹی جنرل سیکرٹری حبیب الرحمن آفاقی، صدر تحریک کشمیر برطانیہ راجہ فہیم کیانی، برطانیہ میں جماعت اسلامی کے کنونیر راجہ قمر عباس تحریک کشمیر برطانیہ کے نائب صدر مفتی عبدالمجید ندیم برمنگھم برانچ کے صدر چوہدری اکرام الحق۔ چوہدری محمد عظیم اور دیگر معزز شخصیات نے خطاب کیا,کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے جدوجہد تیز کرنے کی ضرورت ہے،ہندوستان اور اسرائیل کشمیراور فلسطین میں جنگی جرائم کے مرتکب ہورہے ہیں،عالمی برادری اس کا نوٹس لے،کشمیری اور فلسطینی اقوام متحدہ کے چارٹر اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق اپنے بنیادی اور پیدائشی حق کے حصول کی جدوجہد کررہے ہیں کشمیریوں کے اس کے حق کوعالمی برادری نے تسلیم کررکھاہے،اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے تحریک کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب نے کہا کہ یورپ بھر میں کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی مسئلہ کشمیر کے حوالے سے منظم اور متحرک ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یورپی پارلیمنٹ، انسانی حقوق کی تنظیموں اور میڈیا فورمز پر کشمیر میں بھارتی مظالم کو بے نقاب کیا جا رہا ہے۔ محمد غالب نے زور دیا کہ عالمی طاقتیں دوہرے معیار ترک کر کے کشمیری عوام کو ان کا بنیادی حق دلوانے میں اپنا کردار ادا کریں۔جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے جنرل سیکرٹری جہانگیر خان نے کہا کہ کشمیر کی جدوجہد محض ایک خطے کی آزادی کا مسئلہ نہیں بلکہ یہ انصاف، انسانی وقار اور بین الاقوامی قوانین کی بالادستی کا سوال ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک کشمیری عوام کو ان کا حقِ خودارادیت نہیں ملتا، تحریک جاری رہے گی۔صدر تحریک کشمیر برطانیہ راجہ فہیم کیانی نے کہا کہ برطانیہ میں ایسی کانفرنسز کشمیری عوام کی آواز کو مضبوط بناتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک کشمیر برطانیہ مسئلہ کشمیر کو برطانوی پارلیمنٹ اور دیگر مؤثر فورمز پر اٹھاتی رہے گی۔ڈپٹی جنرل سیکرٹری حبیب الرحمن آفاقی نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے اور عالمی برادری کی خاموشی افسوسناک ہے۔ انہوں نے نوجوان نسل کو تحریک آزادی کشمیر کے لیے متحرک کردار ادا کرنے کی تلقین کی۔کانفرنس میں برمنگھم اور گردونواح سے مرد و خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی، شرکاء نے کشمیر کے حق میں بھرپور نعرے بازی کی اور کشمیری عوام سے والہانہ یکجہتی کا اظہار کیا۔اس موقع پر تحریک آزادی کشمیر میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو اعزازی ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔ ایوارڈ حاصل کرنے والوں میں مرحوم سابق صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری (بعد از مرگ)، اسپرٹ آف پاکستان کے چیئرمین اور کونسلر وسیم ظفر ایم بی ای، پاکستان پریس کلب یوکے کے بانی مبین چوہدری اور راجہ آزاد خان شامل تھے۔ مقررین نے ان شخصیات کی خدمات کو تحریک کشمیر کے لیے گراں قدر سرمایہ قرار دیا۔ تقریب کے اختتام پر شہدائے کشمیر کے درجات کی بلندی، مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کی جلد آزادی، اور عالمِ اسلام کے امن و اتحاد کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ کشمیری عوام کی جدوجہد کو دنیا کے ہر فورم پر اجاگر کرتے رہیں گے۔