اسلام آباد:جماعت اسلامی آزاد کشمیر گلگت بلتستان کے52ویں سالانہ اجلاس اراکین جنرل کونسل کے موقع پر فلسطین پر قرارداد منظور کی گئی جس میں لکھا گیا ہے کہ یہ اجلاس غزہ میں جاری اسرائیلی فوجی کارروائیوں، نہتے فلسطینی عوام کے قتل عام، خواتین اور بچوں کی شہادتوں، گھروں، ہسپتالوں، تعلیمی اداروں اور بنیادی شہری تنصیبات کی تباہی پر شدید تشویش اور افسوس کا اظہار کرتا ہے،یہ اجلاس اس امر پر گہری تشویش کا اظہار کرتا ہے کہ غزہ کے لاکھوں فلسطینی اپنے گھروں سے محروم ہو چکے ہیں،ہزاروں خاندان خیموں اور عارضی پناہ گاہوں میں انتہائی کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ خوراک، صاف پانی، ادویات، علاج معالجے اور دیگر بنیادی ضروریات کی عدم دستیابی نے انسانی بحران کو سنگین صورت حال سے دوچار کر دیا ہے۔موسم کی شدت، بیماریوں اور غذائی قلت نے بے گھر فلسطینیوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔یہ اجلاس سمجھتا ہے کہ فلسطین کا مسئلہ محض ایک علاقائی تنازع نہیں قبلہ اول کا مسئلہ ہے یہ دو ارب مسلمانوں کے ایمان کا مسئلہ ہے۔یہ اجلاس مطالبہ کرتا ہے کہ:عالمی اور اسلامی ممالک اسرائیل پر دباو ڈالیں کہ غزہ میں فوری اور مستقل جنگ بندی کرے۔ غزہ کے تمام بے گھر فلسطینی خاندانوں کی باعزت اور محفوظ اپنے گھروں کو واپسی یقینی بنائی جائے۔خوراک، ادویات، صاف پانی، ایندھن اور دیگر امدادی سامان کی بلا رکاوٹ فراہمی کے لیے تمام راستے کھولے جائیں۔غزہ میں انسانی بنیادوں پر فوری امدادی سرگرمیاں شروع کی جائیں اور متاثرہ خاندانوں کی بحالی کے لیے عالمی سطح پر فنڈ قائم کیا جائے۔ہسپتالوں، تعلیمی اداروں، مساجد اور شہری آبادیوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ بند کیا جائے۔ اسرائیلی کارروائیوں میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور ممکنہ جنگی جرائم کی آزادانہ تحقیقات کروا کراسرائیل کو کٹہرے میں لایا جائے۔اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کا ہنگامی اجلاس بلا کر غزہ کے عوام کے تحفظ اور امداد کے لیے مشترکہ اور مؤثر حکمت عملی اختیار کی جائے۔پاکستان سمیت تمام اسلامی ممالک سفارتی، سیاسی اور انسانی بنیادوں پر فلسطینی عوام کی بھرپور مدد کریں۔فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کو تسلیم کرتے ہوئے ایک آزاد، خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام اور القدس الشریف کو اس کا دارالحکومت بنانے کی حمایت کی جائے۔غزہ کی تعمیر نو اور تباہ شدہ گھروں، ہسپتالوں، تعلیمی اداروں اور بنیادی ڈھانچے کی بحالی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔