مظفرآباد:جماعت اسلامی پاکستان کے سابق امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ قرآن کی دعوت پوری انسانیت کے لیے امن، محبت اور نجات کا پیغام ہے، حکمران امریکہ اور دیگر ممالک کے درمیان مذاکرات اور ثالثی کرانے کی بات کرتے ہیں، لیکن اپنے ناراض عوام کو منانے میں ناکام ہیں، موجودہ نظام اور قیادت عوامی مسائل حل کرانے میں بری طرح فیل ہوچکی ہے، قرآن کریم کی تعلیم ہے کہ جس نے ایک انسان کی جان بچائی، گویا اس نے پوری انسانیت کی جان بچائی۔ یہ قرآن کی عظمت اور انسانی زندگی کے احترام کا ایسا پیغام ہے جو پوری دنیا کے لیے رہنمائی فراہم کرتا ہے،ان خیالات کا اظہارانھوں نے جموں وکشمیر جمعیت طلبہ عربیہ کے زیر اہتمام طلبہ کنونشن میں شریک طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر ڈاکٹر محمد مشتاق خان ناظم کشمیر احتشام الحق سمیت دیگر قائدین نت خطاب کیا،کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ ایک غیر مسلم خاتون نے پندرہ سال تک قرآن کریم کا مطالعہ کیا اور اس کی تعلیمات سے متاثر ہو کر انسانی جان کی حرمت اور انسانیت کی خدمت کے عظیم تصور کو سمجھا،یہ قرآن کی عالمگیر دعوت کا اثر ہے، مگر افسوس کہ مسلمان خود قرآن کی تعلیمات کو اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی میں نافذ کرنے سے دور ہوتے جا رہے ہیں۔ ہمیں اپنی ذات، خاندان، معاشرت اور حکومتی معاملات سمیت زندگی کے ہر شعبے میں اللہ تعالیٰ اور رسول اکرم ﷺ کی تعلیمات کو رہنما بنانا ہوگا۔سراج الحق نے کہا کہ پاکستان کا موجودہ نظام فیل ہو چکا ہے اس ناکامی کا خود اعتراف خود اس نظام کی قیادت کرنے والے کررہے ہیں۔ اگر حکمرانوں میں سیاسی بصیرت اور مسائل حل کرنے کی صلاحیت موجود ہوتی تو وہ ناراض عوام کو اعتماد میں لے کر ان کے جائز مطالبات تسلیم کر سکتے تھے۔ عوام کو منانا اور ان کے تحفظات دور کرنا کوئی مشکل کام نہیں، لیکن اس کے لیے اخلاص، سنجیدگی اور اہل قیادت کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ حکمران امریکہ اور دیگر ممالک کے درمیان مذاکرات کرانے اور عالمی تنازعات میں کردار ادا کرنے کی بات کرتے ہیں، لیکن اپنے ہی عوام کئی ماہ سے احتجاج اور مشکلات کا شکار ہیں۔ حکمرانوں کو پہلے اپنے ملک کے لوگوں کے مسائل حل کرنے چاہییں۔ یہ کیسا طرزِ حکمرانی ہے کہ دنیا کو مذاکرات کا درس دیا جائے لیکن اپنے عوام کے ساتھ بات چیت اور مسائل کے حل کا راستہ اختیار نہ کیا،سراج الحق نے مزید کہا کہ پاکستان کو ایسے نظام اور قیادت کی ضرورت ہے جو قرآن و سنت کی روشنی ٓمیں عدل و انصاف قائم ہو،ایسی قیادت کی ضرورت ہے عوام کے حقوق کا تحفظ کرے اور ملک کو بحرانوں سے نکالنے کی صلاحیت رکھتی ہو۔ قرآن کی دعوت کو عملی طور پر اپنانے ہی سے ایک عادلانہ، پُرامن اور فلاحی معاشرے کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے کہا کہ جمعیت طلبہ عربیہ کے نوجوانوں کی سیرت وکردار کی تعمیر کرنے کی واحد تنظیم ہے،نوجوانوں کو مغربی تہذیبی یلغار سے بچا رہی ہے،جمعیت طبلہ کی خدمات کی لمبی فہرست ہے۔علماء کی تیاری میں جمعیت کا کردار نمایاں ہے۔