
ڈاکٹر عبدالرحمان
نائب امیر جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیرگلگت بلتستان
ضلع گجرات کے گاؤں چڑیاولہ میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم چڑیاولہ اور میٹرک مراڑیاں سے کیا، ایف۔ایس۔سی گورنمنٹ ڈگری کالج بھمبر آزاد کشمیر سے مکمل کی۔1997ء میں علامہ اقبال میڈیکل کالج لاہور سے ایم بی بی ایس کیا۔دورانِ طالب علمی اسلامی جمعیت طلبہ سے وابستہ ہوئےاور علامہ اقبال میڈیکل کالج میں رکنِ اسلامی جمعیت طلبہ کی حیثیت سے فعال کردار ادا کیا۔ مختلف ذمہ داریوں پر فائز رہے ، ناظم علامہ اقبال میڈیکل کالج لاہور، لاہور کے تمام پروفیشنل کالجز اور بعد ازاں لاہور کے تمام کالجز پر مشتمل علاقہ کالجز کے ناظم رہے۔
ایم بی بی ایس کے بعد PIMS اسلام آباد سے شعبہ اطفال میں پوسٹ گریجویشن مکمل کی ،بوسٹن یونیورسٹی امریکہ سے پیڈیاٹرک نیوٹریشن میں پوسٹ گریجویشن کی اور 2001ء میں بطور چائلڈ اسپیشلسٹ ڈسٹرکٹ ہسپتال پلندری آزاد کشمیر میں گورنمنٹ سروس کا آغاز کیا۔ گیارہ سال پلندری ، سہنسہ اور ڈسٹرکٹ ہسپتال بھمبر میں اپنی طبی خدمات سرانجام دیں اور بعد ازاں قبل از وقت ریٹائرمنٹ اختیار کی۔
2000 میں جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر کے رکن بنے مختلف ذمہ داریاں ادا کیں، جماعت اسلامی تحصیل بھمبر کے امیر ، الخدمت فاؤنڈیشن ضلع بھمبر کے صدر کی حیثیت سے چھ سال تک فلاحی سرگرمیوں کی قیادت کی،2023 سے الخدمت ہیلتھ فاؤنڈیشن پاکستان کے جنرل سیکرٹری کے طور پر قومی سطح پر اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں۔
پیشہ ورانہ تنظیموں میں ، پاکستان میڈیکل ایسوسی ضلع بھمبر کے صدر رہے۔ پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن (پیما) آزاد کشمیر کے دو مرتبہ صدر منتخب ہوئے۔ آج کل ڈائریکٹر پیما ریلیف پاکستان کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔زندگی کے مختلف مراحل میں بچوں کی صحت، دکھی انسانیت کی خدمت، دینی و فلاحی سرگرمیوں اور سماجی قیادت کے میدان میں نمایاں کردار ادا کرتے رہے ہیں۔
2023ء سے مرکزی نائب امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر وگلگت بلتستان اورسیشن 2025-2027کے لیےامیر ضلع بھمبر منتخب ہوئے اور اپنی ذمہ داریاں ادا کررہے ہیں۔