Sardar Ajaz Afzal Khan

سردار اعجاز افضل خان

سابق امیر جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیرگلگت بلتستان

جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے سابق امیر سردار اعجاز افضل خان کا تعلق راولاکوٹ کی نواحی بستی پوٹھی مکوالاں سے ہے۔انہوں نے 13 اپریل1958ء کو ممتاز ماہر تعلیم سردار محمد افضل خان مرحوم کے گھر آنکھ کھولی۔ابتدائی تعلیم گاؤں کے اسکول میں حاصل کی‘ میٹرک صابر شہید ہائی سکول راولاکوٹ سے جب کہ انٹر اور گریجویشن حسین شہید ڈگری کالج راولاکوٹ سے کیا۔
کالج میں اسلامی جمعیت طلبہ سے منسلک ہوئے‘آزاد کشمیر کے ناظم منتخب ہوئے۔قائد اعظم یونیورسٹی میں بین الاقوامی تعلقات عامہ میں ایم ایس سی کر رہے تھے کہ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے سیکرٹری جنرل کی ذمے داری سونپ دی گئی۔اسی وجہ سے قائد اعظم یونیورسٹی چھوڑ کر پنجاب یونیورسٹی منتقل ہوئے۔ شعبہ سیاسیات میں داخلہ لیا۔ یہاں سے سیاسیات اور اسلامیات میں ماسٹرز کرنے کے بعد کراچی یونیورسٹی سے ایل ایل بی اور ایل ایل ایم کا امتحان امتیازی حیثیت سے پاس کیا۔ زمانہ طالب علمی میں نیشنل اسٹوڈنٹس کونسل کے جنرل سیکرٹری رہے اور اس حیثیت میں آسٹریلیا میں ایشین اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن کی نمائندگی کی۔ ورلڈ اسمبلی آف مسلم یوتھ‘ انٹر نیشنل اسلامک فیڈریشن آف اسٹوڈنٹس آرگنائزیشنز اور اسلامی چھاترو شبر بنگلہ دیش کی مختلف کانفرنسوں میں پاکستانی طلبہ کی نمائندگی کی۔ ملائیشیا‘ کینیا اور بنگلہ دیش میں طلبہ کانفرنسوں میں شریک ہوئے۔
تعلیم مکمل کرنے کے بعد راولاکوٹ میں وکالت شروع کی۔1983ء میں انہیں آزاد کشمیر جماعت اسلامی کا اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل اور تھوڑے عرصے بعد سیکرٹری جنرل مقرر کیاگیا۔ اس دوران انہیں متعدد بار بیرون ملک جماعت اسلامی کی نمائندگی کا موقع ملا۔ رابطہ عالم اسلامی کے اجلاسوں میں شریک ہوئے۔آپ ضلع پونچھ کے امیر اور مرکزی نائب امیر کے فرائض بھی اداکرتے رہے قانون ساز اسمبلی آزادجموں وکشمیر کے انتخابات میں جماعت اسلامی اور متحدہ مجلس عمل کے پلیٹ فارم سے حصہ لیا۔
آپ17 جون 2002ء سے29جون2008تک جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر کے امیر کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں نبھائیں۔ برٹش پارلیمنٹ کے اندر 3 بار کانفرنسوں سے خطاب کیا اور پارلیمنٹ کی کمیٹی برائے رائٹ آف سیلف ڈیٹر مینیشن آف دی نیشنز کے بھی رکن رہے ۔آپ نےیورپین یونین پارلیمنٹ کے اندر 1بار خطاب کیا جبکہ اس پارلیمنٹ کی کشمیر کمیٹی کے بھے رکن رہے ہیں آپ سعودی عرب کے اندر تشکیل پانے والے مسلم سکالرز کے بین الاقوامی فورم کے بھی ممبر رہے ہیں ۔سپریم کورٹ کے ایڈووکیٹ بھی ہیں .
کشمیر انفارمیشن اینڈ ریسریچ سینٹر کے چیئرمین رہے،ریلیف آرگنائزیشن فار کشمیری مسلمز کے سرپرست اعلیٰ رہے۔ ملی یکجہتی کونسل آزادجموں وکشمیر کے صدر کی حیثیت سے آزادجموں وکشمیر میں اپنی خدمات سر انجام دے رہے ہیں

مرکزی دفتر

رابطہ دفتر