اسلام آباد:جماعتِ اسلامی آزاد جموں و کشمیر و گلگت بلتستان کے امیر ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے کہاکہ ہندوستان غلام بنی فائی سمیت کشمیری قائدین اور عوام کی زمینیں غیر قانو نی طور پرضبط کر کے عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں کا مرتکب ہورہاہے،اوورسیز کشمیر تحریک آزادی کشمیر کے لیے بڑا اثاثہ ہیں،محمد غالب،فیہم کیانی،محمود شریف،اسحاق بلوچ،لقمان زاہد کی خدمات تاریخ کا روشن با ب ہیں،ان خیالات کااظہارانھوں نے تحریکِ کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب اور چیئرمین کشمیر انٹرنیشنل ہیومن رائٹس کمیشن یورپ بیرسٹر اسحاق بلوچ کے اعزاز میں دیے گئے استقبالیہ تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا،۔ تقریب میں مرکزی سیکرٹری جنرل جماعتِ اسلامی آزاد کشمیر راجہ جہانگیر خان، ڈپٹی سیکرٹری جزل آفتاب عالم ایڈووکیٹ، ڈپٹی سیکرٹری جزل قاضی شاہد حمید، صدر بزنس فورم آزاد کشمیر سردار عمران عزیز، سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی آزاد کشمیر راجہ ذاکر خان سینئر صحافی بشیر عثمانی سمیت متعدد رہنما اور کارکنان موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعتِ اسلامی آزاد جموں و کشمیر ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے تحریکِ کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب اور چیئرمین کشمیر انٹرنیشنل ہیومن رائٹس کمیشن یورپ بیرسٹر اسحاق بلوچ کی بین الاقوامی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے میں گرانقدر خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی محاذ پر جس جرات، تدبر، حکمت اور استقامت کے ساتھ ان قائدین نے کشمیر کاز کے لیے خدمات سرانجام دی ہیں وہ ناقابلِ فراموش ہیں۔ ڈاکٹر محمد مشتاق نے کہا کہ مسئلہ کشمیر صرف ایک خطے کا مسئلہ نہیں بلکہ انسانی حقوق، حقِ خودارادیت اور عالمی انصاف کا سوال ہے اور جماعتِ اسلامی اس جدوجہد کو ہر فورم پر پوری قوت سے آگے بڑھاتی رہے گی۔تحریکِ کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ تحریکِ آزادی کشمیر ان کی اور ان کی تنظیم کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنی استطاعت کے مطابق یورپ میں کشمیر کاز کے لیے بھرپور کردار ادا کیا ہے اور اوورسیز کشمیریوں کو منظم کر کے بھارتی مظالم کے خلاف مؤثر آواز بلند کی ہے۔ محمد غالب نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی تحریکِ کشمیر کو عالمی سطح پر مزید مضبوط انداز میں پیش کیا جائے گا۔چیئرمین کشمیر انٹرنیشنل ہیومن رائٹس کمیشن یورپ بیرسٹر اسحاق بلوچ نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں اور اسرائیل فلسطین میں بنیادی انسانی حقوق کی بدترین پامالی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیاں، اجتماعی سزائیں اور اظہارِ رائے پر قدغنیں آج کے دور کے سنگین جرائم ہیں۔ بیرسٹر اسحاق بلوچ نے کہا کہ ان کی تنظیم نے بھارت اور اسرائیل کا گھناونا چہرہ عالمی برادری کے سامنے بے نقاب کیا ہے اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں میں مدلل شواہد کے ساتھ مظلوم اقوام کا مقدمہ لڑا ہے۔مرکزی سیکرٹری جنرل جماعتِ اسلامی آزاد کشمیر راجہ جہانگیر خان نے کہا کہ جماعتِ اسلامی تحریکِ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے اوورسیز قیادت اور کارکنان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور اس جدوجہد کو مزید منظم کیا جائے گا۔ صدر بزنس فورم آزاد کشمیر سردار عمران عزیز نے کہا کہ اوورسیز کشمیریوں نے سیاسی اور معاشی سطح پر کشمیر کاز کے لیے قابلِ فخر کردار ادا کیا ہے۔