اسلام آباد:جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے سابق امیرعبدالرشیدترابی نے کہاہے کہا اوورسیز کشمیریوں نے مسئلہ کشمیراجاگر کرنے مں تاریخی کردارادا کیاہے،غلام بنی فائی کی جائنداد ضبط کرکے ہندوستان نے کھلی جارحیت کی ہے،کشمیری آزادی حاصل کرکے رہیں گے،ان خیالات کااظہارانھوں نے کشمیر انٹرنیشنل ہیومن رائٹس کمیشن یورپ کے چیئرمین بیرسٹر اسحاق بلوچ کے اعزاز میں ایک پروقار ظہرانے کی تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے سیکرٹری جنرل راجہ جہانگیر خان، جماعت اسلامی کے رہنما راجہ خالد محمود، ریلیف آرگنائزیشن فار کشمیری مسلمز کے سیکرٹری جنرل ثنائاللہ ڈار، سینئر صحافی راجہ بشیر عثمانی افتخار فاروقی، سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی آزاد کشمیر راجہ ذاکر خان، اور احسان ترابی سمیت دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے بیرسٹر اسحاق بلوچ کی عالمی سطح پر انسانی حقوق کے لیے گرانقدر خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بیرسٹر اسحاق بلوچ طالب علمی سے اسلامی تحریک کے ساتھ وابستہ ہیں اور اس جدوجہد کے دوران انہوں نے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیرسٹر اسحاق بلوچ نے سفارتی اور بین الاقوامی محاذ پر مکمل یکسوئی کے ساتھ کشمیر کاز کو اجاگر کیا اور مظلوم کشمیری عوام کی آواز دنیا تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ عبدالرشید ترابی نے مزید کہا کہ ایسے کارکنان تحریک کا اصل سرمایہ ہوتے ہیں جو ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر امت کے اجتماعی مسائل کے لیے جدوجہد کرتے ہیں۔جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے سیکرٹری جنرل راجہ جہانگیر خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ بیرسٹر اسحاق بلوچ عالمی سطح پر کشمیر اور فلسطین کے مظلوم عوام کے لیے ایک مضبوط آواز بن کر ابھرے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطین میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو عالمی فورمز پر بے نقاب کرنے میں بیرسٹر اسحاق بلوچ کا کردار قابلِ تحسین ہے، اور یہ جدوجہد آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔بیرسٹر اسحاق بلوچ نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے ظہرانے کے انعقاد پر عبدالرشید ترابی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ جن مقاصد کے لیے آج سرگرمِ عمل ہیں، اس کی بنیاد ان قائدین کی تربیت اور راہنمائی ہے جنہوں نے تحریک کے پلیٹ فارم سے انہیں شعور اور سمت فراہم کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس مقام تک پہنچنے کا سارا کریڈٹ اسلامی تحریک کو دیتے ہیں، اور عزم کا اظہار کیا کہ کشمیر، فلسطین اور دنیا بھر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کے خلاف آواز بلند کرتے رہیں گے۔جماعت اسلامی کے رہنما امیدوار اسمبلی راجہ خالد محمود نے کہا کہ بیرسٹر اسحاق بلوچ نے جس جرات اور استقامت کے ساتھ عالمی سطح پر کشمیر کاز کو اجاگر کیا ہے، وہ قابلِ تقلید ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی شخصیات تحریک کا فخر اور قوم کا اثاثہ ہوتی ہیں۔ریلیف آرگنائزیشن فار کشمیری مسلمز کے سیکرٹری جنرل ثنائاللہ ڈار نے کہا کہ بیرسٹر اسحاق بلوچ کی خدمات صرف کشمیر تک محدود نہیں بلکہ وہ دنیا بھر میں مظلوم انسانیت کے لیے آواز اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کے لیے ان کی جدوجہد ایک روشن مثال ہے جو نوجوانوں کے لیے حوصلہ اور رہنمائی کا ذریعہ بنے گی۔